ماں جیسی محبت ماں کے لئے

0
2419

آج کچھ دوستوں کے ساتھ پارک میں گئے تو ہم سب کھیلنے میں مشغول تھے اور ماں جی واک کر رہی تھی، ان کو دور جاتے دیکھ کر وسوسے سے دل میں آ رہے تھے، واپس پلٹیں تو میں نے کہا ماں جی زیادہ دور مت جائیے گا ، بس پاس پاس ہی واک کریں، یہ کہتے ہوئے ایک مسکراہٹ سے میرے لبوں پر چلی آئی، پردیس میں ماں جی ملنے آئی ہیں تو پچھلے ایک ہفتے میں درجنوں ایسی باتیں ہوئی ہیں جو پہلے میری ماں جی مجھ سے کہتی تھیں اور اب میں ان کو دوہرا رہا ہوں،

ماں جی سیڑھیاں سنبھل کے اترئیے گا، یہ ساتھ لگی گرل کو تھام لیں۔

کھانا بناوں آپ کے لئے

کھانے میں کیا کھائیں گی۔

اچھا سیب تو کھا لیں ناں۔

نہیں چکن کیوں نہیں کھانا؟

قیمے کے کباب تو کھا لیں

اچھا چلیں ایک تو کھا لیں۔

روٹی ایک کیوں؟

اور کچھ دن پہلے تو بڑا لطف آیا، چکن کا سالن بنایا نہیں کھا رہی تھیں کہ دل نہیں چاہ رہا، تو میں نے کہا دندی وڈدا اے، ۔۔اور پھر ہم دونوں اس پر خوب ہنسے۔۔۔۔۔مجھے یاد ہے جب بچپن میں کچھ نہیں کھاتا تھا تو وہ کہا کرتی تھیں، کیوں نہیں کھاندا، دندی وڈدی ہے، یعنی کیوں نہیں کھاتے کیا دانت کاٹتی ہے۔

شاید اسی دن کے لئے مائیں بچوں کو بڑا کرتی ہیں کہ وہ ایک ایک محبت جو انہوں نے اپنے بچوں پر نچھاور کررکھی ہوتی ہے، وہ ان کی طرف پلٹ آئے گی، درجنوں فقرے جو حرف بہ حرف میری ماں کے ہیں میری زباں پر ہیں، مجھے یاد نہیں کہ کہاں سے میری سوہنی میری زبان پر چڑھ آیا، جب وہ مجھ سے الجھتی ہے تو کہیں سے یہ لفظ چلا آتا ہے، اچھا میری سوہنی ایس طراں کر لینے آں، جانے کتنی دفعہ میری ماں نے مجھے میرا سوہنا کہا ہو گا کہ آج یہ کہیں دل میں اترا پڑا ہے،

زندگی کی خوبصورتیوں میں سے ایک خوبصورتی میرے پاس پڑی ہے، میری ماں مزے سے سو رہی ہے اور میں جاگ رہا ہوں، میں اس محبت کو لمحہ لمحہ محسوس کرتا ہوں۔۔۔۔جو ایک ماں نے بیٹے سے کی ہوتی ہے اور کرتی رہتی ہے، ہزاروں دعائیں میری ماں نے ان درجنوں سالوں میں میرے لئے مانگی ہیں اور آج میں جو چند دعائیں یاد رکھتا ہوں ان میں سے ایک یہ ہے کہ ، اے میرے پروردگار تو میرے والدین کے ساتھ اسی طرح رحم کا معاملہ فرما جس طرح رحم کا معاملہ انہوں نے بچپن میں میرے ساتھ روا رکھا ۔ ۔۔۔

اللہ تعالی سے دعا ہے ہم سب کی زندگیوں میں اس خوبصورتی کو خوب رنگ کردے۔۔۔۔اور اپنی ماوں سے ویسی ہی محبت کرنے کی توفیق دے جیسے انہوں نے ہمارے ساتھ کی تھی۔

تبصرہ کریں

برائے مہربانی اپنا تبصرہ داخل کریں
اپنا نام داخل کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.