مونچھوں کا موسم، صرف مردوں کے لئے

0
3370

جب سے نومبر چڑھا ہے، ہماری مونچھوں کو بھی بل آنا شروع ہوگیا ہے، نومبر کے آنے سے بہت سے لوگوں کے چہروں پر موسمی مونچھیں اگ آتی ہیں، کوپن ہیگن میں چلنے والی بسوں پر مونچھوں کے نشان والے سٹکر چپکائے جاتے ہیں، فیشن اور کپڑے بیچنے والے بھی اپنی دکانوں کے باہر مونچھوں کے نشان کے ساتھ اس طرح کے سلوگن آویزاں کرتے ہیں کہ خواتین کو مردوں کے لئے تحفہ خریدنے کی تحریک پیدا کی جاسکے۔۔۔۔یہاں نومبر کو ماہ مومبر بھی کہا جاتا ہے۔ مومبر فاونڈیشن کی بنیاد دوہزارتین میں آسٹریلیا کے ایک شہر میں رکھی گئی۔ اس کا مقصد مردوں میں صحت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا تھا، مردوں میں پراسٹیٹ کینسر اور بعد میں مثانے کے کینسر کے متعلق لوگوں کو معلومات فراہم کرنا اور بعد ازاں اس کو مردوں کی عمومی صحت سے تعبیر کیا گیا۔

اس تنظیم نے اپنی آگاہی کا آغاز ماہ نومبر کے آغاز میں مونچھیں نہ کٹوا کر دوسرے مردوں کو آگاہی دینے کا جو سلسلہ آغاز کیا تھا اس کا دائرہ کار دنیا کے بہت سے ممالک میں پھیل چکا ہے ، یہ تنظیم دنیا کے اکیس ممالک میں آٹھ سو بتیس پراجیکٹس کو بھی  فنڈ کر چکی ہے، گلوبل جرنل کے مطابق مومبر موومنٹ دنیا کے سو بڑی غیر سرکاری تنظیمات میں شامل ہے۔

پاکستانی مردوں کے لئے سارا سال ہی مومبر ہوتا ہے، خود نہیں تو کسی ہمسائے کی مونچھیں دیکھ دیکھ کر ان مونچھوں کی علامتی اہمیت کو بھول چکے ہوتے ہیں، اس لئے اس نومبر کے توسط سے ان باتوں کا اعادہ کرنا جو مومبر فاونڈیشن کے چارٹر پر ہیں ، خاصا مناسب ہو گا۔۔۔اپنی صحت کے متعلق جانئے۔۔۔کیونکہ پاکستانی معاشرے میں مرد پر خاندان کا انحصار بہت زیادہ ہے، اس لئے اس کے صحت مند ہونے پر ہی خاندان کی کامیابی اور ترقی کا راز پنہاں ہے۔ ۔مندرجہ ذیل صحت کے قواعد پر نظر دوڑائیے

اپنے وزن اور قد کے مناسبت کو یاد رکھئے۔ اس کی تشریح کے لئے باڈی ماس انڈیکس کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ یعنی آپ کا وزن آپ کے قد کے حساب سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔

اپنی بڑھتی ہوئی کمر پر نظر رکھئے

آپ کا بلڈ پریشر کتنا ہے

کولیسٹرول کا لیول کیا ہے

شوگر تو نہیں ہو گئی؟

اپنی صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے مندرجہ ذیل نکات سے مدد لی جاسکتی ہے

اپنے خاندان کے متعلق جانئے کہ کونسی بیماریاں آپ کی فیملی میں زیادہ ہیں، اور اگر کچھ خاص بیماری کافی زیادہ ہے تو ابتدا سے ہی احتیاط کا دامن تھام لیجئے۔

اپنی زندگی میں حرکت یا ورزش کو شامل کیجئے، ہفتے کے کم از کم تین دن آدھ گھنٹہ کی واک کا اہتمام کیجئے

سیگریٹ نوشی سے دامن چھڑا لیں تو کیا کہنے۔

اپنی نیند پر سمجھوتہ مت کریں۔ اور نیند پوری لیں۔

اپنی خوراک کو بہتر بنالئیں، اور کھانے سے پہلے ایک دفعہ سوچ لیں کے آپ کیا کھانے جا رہے ہیں، کیا اس کو صحت مند کھانا کہا جا سکتا ہے؟؟؟

تو اس نومبر میں اپنی مونچھوں کے توسط سب دوستوں کو پیغام دیا جاتا ہے، کہ کم ازکم سال میں ایک دفعہ اپنا مکمل میڈیکل ٹیسٹ کروایا جائے ، تاکہ کسی ناگہانی مسئلہ سے بروقت نمٹا جا سکے۔۔۔۔

اور آخری بات یہ کہ مسکرانا مت بھولیے۔۔۔ہر غم کو یہی کہیے

ادھر آ ستمگر ہنر آزمائیں

تو تیر آزما، ہم جگر آزمائیں۔

مومبر موومنٹ کے متعلق مزید معلومات کے لئے ذیل کے لنکس دیکھے جا سکتے ہیں۔

وکی پیڈیا لنک فار مومبر

ویڈیو فرام ٹیڈ ٹاک

ویڈیو فرام ڈیلی موشن

تبصرہ کریں

برائے مہربانی اپنا تبصرہ داخل کریں
اپنا نام داخل کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.